بھٹکل، 14؍ مارچ (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 فورلین منصوبہ میں فلائی اوور، انڈر پاس، سروس روڈ، برساتی پانی کی نکاسی کے لئے نالے جیسی بنیادی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مختلف سماجی تنظیموں اور کاروباری ادارے کی جانب سے ایک بڑے عوامی احتجاجی مظاہرہ کی تیاریاں ہورہی ہیں ۔
اس ضمن میں سماجی اور کاروباری اداروں کے نمائندوں کے اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ رکن اسمبلی اور رکن پارلیمان اور افسران کے ساتھ پہلے ایک مشترکہ میٹنگ رکھ کر ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے ۔ خیال رہے کہ بھٹکل میں ہائی وے کا تعمیری کام جب سے شروع ہوا ہے تب سے روز کوئی نہ کوئی مسئلہ کھڑا ہوتا رہا ہے ۔ ہائی وے ترقیاتی کمیٹی کی طرف سے وقتاً فوقتاً ایسے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے ۔
بھٹکل مرچنٹس ایسو سی ایشن، مجلس اصلاح و تنظیم ، رابطہ سوسائٹی، سیوا واہینی کے لیڈران اس معاملہ میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں ۔ اور اب بھی یہ کوشش جاری ہے ۔
اب مختلف ضمنی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں اور عوامی ردعمل اور احوال یکجا کرکے میمورنڈم تیار کیا جارہا ہے ۔ رنگین کٹہ اور نوائط کالونی میں سروس روڈ کا مطالبہ کرتے ہوئے بعض اداروں نے احتجاج کی تیاری کی ہے، جبکہ شمس الدین سرکل سے موڈ بھٹکل تک انڈر پاس، سروس روڈ ، برساتی پانی نکاسی کے نالے وغیرہ تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے منکولی ٹاون ڈیولپمنٹ کمیٹی نے میمورنڈم دیا ہے ۔ اگر اس میمورنڈم میں رکھے گئے مطالبات پوری نہیں ہوئے تو زبردست احتجاج کا انتباہ دیا گیا ہے ۔
اس معاملہ پر بولتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے بتایا کہ بھٹکل میں نیشنل ہائی وے کے مسائل پر غور وخوض کے لئے اگلے ہفتہ ایک میٹنگ منعقد کرنے کی ہدایت نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کو دی گئی ہے ۔ اس میٹنگ میں عوامی نمائندوں اور ہوراٹا سمیتی کے اراکین کو اپنی بات رکھنے کا موقع دیا جائے گا ۔